جماعت اسلامی کا اجتماع عام سیاسی اور دینی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی
جنرل سیسی ،شیخ حسینہ واجد کی شکل میں آج بھی یزید کے سپاہی اسلامی تحریکوں پر کربلا برپا کئے ہوئے ہیں۔حافظ نصراللہ عزیز
=========================================
جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں جماعت اسلامی کا اجتماع عام سیاسی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا،تحریک پاکستان کو تکمیل پاکستان تک پہنچانے اور ملک سے ظالمانہ نظام کے خاتمے کیلئے عوام اجتماع عام میں بھرپور شرکت کرکے موجودہ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے سراج الحق اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔،واہگہ بارڈر پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں بھارتی ایجنسیوں کے کردار کو بھی دیکھنا ہوگا،پرویز مشرف کی جانب سے ملک میں امریکی غلامی کو اختیار کرنے اور اپنے ہی عوام کیخلاف جاری آپریشن،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی آرمی کے حوالے کرنے اور لال مسجد آپریشن کی وجہ سے ملک خانہ جنگی کا شکار ہوچکا ہے۔جماعت اسلامی اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے،اسلام آباد میں دھرنا دینے اور کفن پوش مظاہرین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں جماعت اسلامی اور سراج الحق کا کردار ناقابل فراموش ہے،عمران خان کے بیان سے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والی بدگمانیاں عمران خان اور سراج الحق کے ملاقات کے بعد ختم ہوچکی ہیں۔ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد تمام تر سازشوں کے باوجود جاری رہے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ٹنڈومحمد خان کی جانب سے راجو نظامانی میں ”شہادت حسین کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب قیم حافظ نصراللہ عزیز ،سندھ آبادگار بورڈ کے صدر رئیس عبدالمجید نظامانی اور ضلعی امیر فاروق نظامانی نے بھی خطاب کیا۔حافظ نصراللہ عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام حسین ؓ کی عظیم قربانی کے نتیجے میں آج تک ان کا نام زندہ وجاوید ہے جبکہ یزید کا نام رکھنے کیلئے بھی کوئی تیار نہیں،امام عالی مقام کی قربانیوں کا قافلہ آج بھی مختلف شکلوںمیں الگ الگ ممالک میں جاری وساری ہے،بنگلہ دیش،مصر اور دیگر اسلامی ممالک میں اسلام کے نام لیوا اور اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنے کیلئے جدوجہد کرنے والوں پر آج بھی کربلا بپا ہے،جبکہ جنرل سیسی ،شیخ حسینہ واجد کی شکل میں آج بھی یزید کے حواری اسلام کے نام لیوا کارکنان پر شدید قسم کے مظالم بپا کئے ہوئے ہیں اور انہیں سزائے موت،تختہ دار اور قید وبند کے ذریعے باطل قوتوں کے
سامنے جھکنے پر مجبور کیا جارہا ہے لیکن اللہ کے سچے مجاہد پھانسیوں پر لٹکنے کو تیار لیکن باطل کے ساتھ کسی قسم کا کمپرومائیز کرنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ وہ دن دور نہیں ہے جب اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ ہوکر رہے گا اور یزیدی لشکر کو عبرت ناک شکست سے دوچار ہونا ہوگا۔امام حسین ؓ کے شیدائی اسلام تحریکوں کے کارکنان عظیم فتح سے ہمکنار ہونگے۔
Wednesday, 5 November 2014
Home »
جماعت پاکستان خبریں
» ٹنڈو محمد خان میں شہادت امام حسین کانفرنس سے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی خطاب کر رہے ہں







0 comments:
Post a Comment